میسور ،8؍مارچ (ایس او نیوز ) سی آئی ڈی کی ایک ٹیم نے بنڈی پور ٹائیگر ریزرو کے جنگلات میں حالیہ آگ لگنے کے واقعہ کی جانچ شروع کردی ہے جس میں ہزاروں ایکڑ جنگلاتی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق بنگلورو کے 8ا رکان کی ٹیم بنڈی پور پہنچی اور اس نے این بیگرو رینج کا دورہ کیاجہاں پہلے آگ کی اطلاع ملی تھی۔حالیہ جنگلاتی آگ کے دوران جنگل کی اراضی کا بڑا حصہ جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔اس کے علاوہ جنگل کا گارڈ جی ٹامنگول ہلاک ہوگیا تھا۔محکمہ کے تین دیگر اسٹاف بشمول ایک افسر آگ بجھانے کی کوشش کے دوران شدید طور پر جھلس گئے تھے ۔ بنڈی پور پروجیکٹ ٹائیگر ریزرو کے ڈائرکٹر ٹی ہیرا لال نے سی آئی ڈی کی ٹیم کے ساتھ کلکارے گنڈرے اور مالے یور فاریسٹ رینج کا بھی دورہ کیا۔ اس ٹیم نے آگ کے مختلف زاویوں پر غور کیا۔ اس دورہ کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیوں کہ محکمہ جنگلات کے افسروں نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ آگ انسانی کارستانی ہے ۔ اس صورت حال کی سنگینی محسوس کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کے اعادہ سے روکنے کیلئے سدارامیا نے آگ کے واقعات کی سی آئی ڈی جانچ کے احکامات دئے ۔ یہ واقعات بنڈی پور ' ناگرہولے اور کاپٹہ گوڑہ میں ہوئے اس بات کی بھی رپورٹس ہیں کہ لکڑی کی لابی اور کیرل کے بعض اسمگلرس کا آگ لگنے کے واقعہ کے پیچھے ہاتھ ہے ۔